زہریلے اور موذی جانوروں سے حفاظت کا وظیفہ

زہریلے اور موذی جانوروں سے حفاظت کا وظیفہ:

بے شمار موذی جانور ہیں لیکن ان میں سے زیادہ نقصان دہ بچھو ہے۔ جو شخص صبح و شام تین بار یہ کلمات اہتمام سے پڑھتا ہے:

 أَعُوْذُ بِكَلِمَاتِ اللهِ التَّامَّاتِ

ترجمہ:"  میں اللہ تعالیٰ کے مکمل کلمات کی مدد سے پناہ مانگتا ہوں"۔

تو  وہ ہمیشہ کسی بھی موذی جانور کے کاٹنے سے محفوظ رہتا ہے۔ جب ان کلمات کے پڑھنے اور وظیفہ بنانے سے بچھو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ تو دوسرے درندے بھی ایسے شخص کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔

أَعْوذُ بِكَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّةِ مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ
زہریلے اور موذی جانوروں سے حفاظت کا وظیفہ

حدیث:

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:

جو آدمی صبح کے وقت تین بار یہ الفاظ پڑھتا ہے:

 اَعُوذُ بِكَلِمَاتِ اللهِ التامة

تو دن بھر شام تک اسے بچھو نقصان نہیں پہنچا سکتا اور جو شخص شام کے وقت یہی الفاظ پڑھتا ہے تو رات بھر صبح تک اسے بچھو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔

اس روایت سے یہ بھی ثابت ہوا کہ قرآن کریم کی دعاؤں، احادیث مبارکہ کی دعاؤں اور صالحین امت کے تعلیم فرمودہ وظائف کا اہتمام کرنے سے انسان اپنا مقصد حاصل کر سکتا ہے۔ لہذا وظائف اور اوراد کا پڑھنا ممنوع نہیں بلکہ جائز اور نفع بخش ہیں۔

اس مسئلہ کے حوالہ سے چند ایک احادیث مبارکہ ذیل میں پیش کی جاتی ہیں:

حضرت ابوہریرہ اللہ کا بیان ہے کہ ایک شخص حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض گزار ہوا: کل میں ایک بچھو کے پاس سے گزرا تو اس نے مجھے ڈس لیا، آپ ﷺ نے فرمایا: اگر تو شام کے وقت یہ کلمات پڑھ لیتا:

أَعْوذُ بِكَلِمَاتِ اللَّهِ التَّامَّةِ مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ

(میں اللہ تعالی کے مکمل کلمات کی مدد سے اللہ تعالیٰ کی پناہ چاہتا ہوں ہر اس چیز سے جو اس نے پیدا کی) تو تجھے وہ نقصان نہ پہنچا سکتا۔ (صحیح مسلم)

جب ایک بچھو نے  حضور صلی اللہ علیہ وسلم ڈس لیا:

حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کا بیان ہے کہ ایک مرتبہ حالت نماز میں ایک بچھو نے حضور اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کو ڈس لیا، تو نماز سے فراغت پر آپ ﷺ نے فرمایا: بچھو پر اللہ کی لعنت ہو یہ نہ نمازی کو چھوڑتا ہے نہ غیر نمازی کو اور نہ نبی کو چھوڑتا ہے نہ غیر نبی کو سب کو ڈس لیتا ہے۔ آپ ﷺ نے اپنا جوتا مبارک اٹھا کر بچھو کو مارا۔ پھر آپ ﷺ نے پانی اور نمک طلب کیا اور انہیں ملا کر زخم پر بہایا۔ آپ ﷺ نے سورہ اخلاص، سورۃ فلق اور سورۃ الناس تلاوت کر کے اس پر دم کیا۔ (شعب الایمان بیہقی )

ماخذ: شرح مسند امام اعظم، 818

 

Post a Comment

0 Comments