سوتے وقت کے پانچ مسنون اعمال

 سوتے وقت کے پانچ مسنون اعمال

نیند کیا ہے؟

نیند اللہ تعالی کی نعمتوں میں سے ایک بہت ہی اہم نعمت ہے۔ اسی لیے اللہ تعالی نے قرآن پاک میں نیند کا اس طرح تذکرہ فرمایا:

وَجَعَلْنَا نَوْمَكُمْ سُبَاتَا۔ (النبا:4)

ترجمہ: 

"اور ہم نے تمہاری نیند کو کام کاج کے انقطاع (رک جانے) کا ذریعہ بنا دیا"۔

وَجَعَلْنَا نَوْمَكُمْ سُبَاتَا


یعنی کہ انسان اپنے تمام کام کاج کو روک کر نیند کے ذریعہ سے سکون اور راحت حاصل کرتا ہے۔ اور اپنی دن بھر کی تھکاوٹ کو دور کرتا ہے۔

کیوں نہ ہو کہ ہم اپنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقہ کے مطابق اس نیند کو حاصل کریں۔ جب ہم سنت رسول کے مطابق سونے کا اہتمام کریں گے تو یقینا یہ نیند ہمارے لیے مزید باعث برکت بن جاۓ گی۔

سونے سے پہلے کے پانچ ضروری اعمال:

1 -  حضرت سید نا انس رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے فرمایا:

جب تم اپنے بستر پر سونے کے لیے جاؤ تو سورة  الفاتحہ اور قُلْ هُوَ اللهُ أَحَدٌ (یعنی سورة الاخلاص پڑھ لو گے تو موت کے علاوہ ہر چیز سے امان میں آجاؤ گے۔

2 -  حضرت سیدنا ابن ساریہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ تعالی علیہ وسلم سونے سے پہلے مُسَبِّحات پڑھا کرتے تھے اور فرمایا کرتے کہ ان میں ایک ایسی آیت ہے کہ جو ہزار آیتوں سے بہتر ہے۔

مسبحات کیا ہیں ؟

مسبحات یعنی کہ وہ سورتیں جو سَبَّحَ (اللہ تعالی کی پاکی) کے لفظ سے شروع ہوتی ہیں۔ اور یہ سات سورتیں ہیں:

 سورة بنی اسرائیل، سورة الحدید،  سورة الحشر، سورة الصف، سورة الجُمعه، سورة التغابن اور سورة الاعلى۔

محدثین کہتے ہیں کہ حضور    صلی اللہ تعالی علیہ وسلم  ان سورتوں میں کچھ آیتیں پڑھا کرتے تھے۔ مکمل سورتیں نہیں پڑھتے تھے۔

3 -  حضرت نوفل رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: قُلْ يَأَيُّهَا الكَفِرُونَ پوری پڑھ کر سویا کرو کیونکہ یہ شرک سے براءت "چھٹکارا" ہے۔

4 -  حضرت سید نا ابو سعید خدری رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم نے فرمایا جو اپنے بستر پر آتے وقت تین مرتبہ یہ پڑھ لے:

اَسْتَغْفِرُ اللَّهَ الْعَظِيمَ الَّذِي لَا إِلٰهَ إِلَّا هُوَالْحَيُّ الْقَيُّومُ وَاَتُوبُ إِلَيْهِ

ترجمہ:

میں  الله سے بخشش مانگتا ہوں جس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں وہ زندہ اور قائم رہنے والا ہے۔ اور میں اس کی طرف رجوع کرتا ہوں۔

فائدہ:

اللہ تعالی اس کے گناہ بخش دیتا ہے اگرچہ سمندر کی جھاگ کے برابر ہوں ، اگر چہ درختوں کے پتوں کے برابر ہوں، اگرچہ ٹیلوں کی ریت کے ذرات کے برابر ہوں، اگرچہ دنیا کے ایام کے برابر ہوں۔

5 -  سورة الکہف کی آخری چار آیات۔

(ماخذ از: پنچ سوره)

Post a Comment

0 Comments